حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اربعین حسینی کے موقع پر نجف اشرف میں نجف و کربلا کے درمیان ستون نمبر 327 کے سامنے مؤسسة المصطفى للإرشاد والتوعية الدينية کی جانب سے غیر ملکی زائرین کے لئے مختلف زبانوں میں ’’موکب معرفت‘‘ قائم کیا گیا، جہاں مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کو ان کی زبانوں میں دینی، فقہی، اعتقادی اور سماجی مسائل کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔
اربعین کے موقع پر قائم اس خصوصی موکب میں حوزہ علمیہ نجف کے فاضل طلبہ اور ماہرین زائرین کے شرعی سوالات، اعتقادی و فکری شبہات اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے متعلق استفسارات کے جوابات فراہم کئے۔ اس کے علاوہ سماجی اور خاندانی مسائل کے حوالے سے بھی مشاورت دی گئی۔

موکب معرفت کا ایک اہم شعبہ ’’المجیب‘‘ دینی معارف پلیٹ فارم ہے۔ یہ پلیٹ فارم 15 شعبان 1441ھ، مطابق 2020ء میں قائم کیا گیا اور ایک علمی، دینی، فکری اور مشاورتی مرکز کے طور پر حوزہ علمیہ کے فاضل طلبہ و اساتذہ کی علمی خدمات سے استفادہ کرتا ہے۔ المجیب نجف اشرف کے مراجع عظام کے علمی منہج سے رہنمائی حاصل کرتا ہے اور حجت الاسلام سید رشید حسینی کی نگرانی میں اپنی سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔
المجیب پر نجف اشرف کے فقہاء و علما کے علمی ورثے کے علاوہ 30 سے زائد معتبر دینی و علمی اداروں کا تحقیقی مواد موجود ہے۔ پلیٹ فارم پر فقہ، عقائد، اخلاق، تاریخ، علوم قرآن، احادیث، سماجی اور خاندانی موضوعات سمیت مختلف دینی و علمی مسائل سے متعلق پانچ لاکھ سے زائد سوالات، جوابات، تحقیقات اور مضامین دستیاب ہیں۔
موکب کی اہم خصوصیت مختلف زبانوں میں دینی رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ عربی کے علاوہ اردو، انگریزی اور آذری سمیت متعدد زبانوں میں خدمات فراہم کی جا رہیں تھیں۔ خاص طور پر پاکستان اور ہندوستان سمیت جنوبی ایشیا سے آنے والے زائرین اور انگریزی زبان بولنے والے مختلف ممالک کے زائرین اس سہولت سے استفادہ کر رہے ہیں۔
موکب میں فقہی مسائل کے جوابات سائل کے منتخب کردہ مرجع تقلید کے مطابق دیے جا رہے تھے، جبکہ دیگر دینی و معرفتی سوالات کے جوابات امامیہ اثنا عشری مکتب کے معروف اصولوں کی روشنی میں فراہم کیے گئے۔ سماجی اور مشاورتی مسائل میں بھی اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات اور اسلامی تربیتی اصولوں کو بنیاد بنایا گیا۔

حوزہ نیوز اردو کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے موکب کے ذمہ داران نے بتایا کہ دینی تبلیغ زبان اور جغرافیائی حدود تک محدود نہیں، بلکہ مختلف قوموں اور زبانوں کے افراد تک اسلام کی مستند تعلیمات پہنچانا حوزہ علمیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اربعین کا سفر صرف ایمان و ولایت کا سفر نہیں بلکہ معرفت اور علم کا سفر بھی ہے اور یہ موکب مختلف زبانیں بولنے والے زائرین کو مستند دینی رہنمائی اور براہِ راست علمی گفتگو کا موقع فراہم کر رہا ہے۔









آپ کا تبصرہ